الیکشن کمیشن پاکستان نے 30 اپریل کو پنجاب میں پولنگ کرانے کا اعلان کرتے ہوئے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا۔
واضح رہے کہ 3 مارچ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات 30 اپریل بروز اتوار کرانے کی تجویز دی تھی۔
الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق امیدوار 12 مارچ سے 14 مارچ تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں، الیکشن ک میشن امیدواروں کے ناموں کی فہرست 15 مارچ کو آویزاں کرے گا، کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی 22 مارچ تک کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن پاکستان کے مطابق اسکروٹنی پر ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپلیں 27 مارچ تک دائر کی جا سکیں گی، اپیلیٹ ٹریبونل اپیلوں پر فیصلے 3 اپریل تک کرے گا، امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 4 اپریل کو جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق نامزدگی سے دستبرداری کی آخری تاریخ 5 اپریل مقرر، انتخابی نشان 6 اپریل کو جاری ہوں گے اور جاری پنجاب اسمبلی کے الیکشن کے لیے پولنگ 30 اپریل کو ہو گی۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ صدر مملکت نے تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے تجویز کردہ تاریخوں پر غور کرنے کے بعد کیا۔
قبل ازیں 3 مارچ کو ہی الیکشن کمیشن نے 30 اپریل سے 7 مئی کے دوران پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کرانے کے لیے تاریخ تجویز کی تھی، الیکشن کمیشن نے انتخابات ترجیحاً اتوار کے روز کرانے کی تجویز بھی دی تھی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے صدر مملکت اور گورنر خیبرپختونخوا کو مراسلے تحریر کیے ہیں۔
سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں الیکشن کمیشن کے اراکین کے علاوہ کمیشن کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی تھی۔
جاری بیان کے مطابق الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں صدر مملکت کو مراسلہ ارسال کیا جس میں صوبہ پنجاب کے انتخابات کے انعقاد کے لیے مورخہ 30 اپریل سے 7 مئی 2023 تک کی تاریخیں تجویز کی گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق صدر مملکت کی طرف سے تاریخ کے انتخاب کے بعد الیکشن کمیشن اپنے آئینی اور قانونی فرائض انجام دینے کے لیے تیار ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے گورنر خیبر پختونخوا کو بھی مراسلہ بھیجا ہے جس میں تحریر کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے آرڈر کی روشنی میں الیکشن کمیشن آپ کے جواب کا منتظر ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات میں تاخیر سے متعلق از خود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مسلسل دوسرے روز ہونے والے مشاورتی اجلاس میں الیکشن کمیشن پاکستان نے پنجاب میں عیدالفطر کے تقریباً ایک ہفتے بعد انتخابات کرانے کی تجویز دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ تجویز کرنے کے لیے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کیے گئے خط کی منظوری کے بعد پولنگ کا شیڈول جلد جاری کر دیا جائے گا۔