احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اسی کیس میں اور توشہ خانہ کیس میں بھی 21 نومبر تک عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔
جج محمد بشیر نے فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس میں بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر دوبارہ سماعت شروع کی تو انہیں بتایا گیا کہ درخواست گزار اور ان کے وکیل سردار لطیف خان کھوسہ دونوں سابق وزیراعظم سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل میں موجود ہیں۔
جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں ہی عدالت میں عمران خان کی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کرنی تھی، اس لیے انہوں نے بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت بھی وہیں کرنے کا فیصلہ کیا اور اڈیالہ جیل روانہ ہوگئے۔
سماعت کے موقع پر نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر خان عباسی نے چیئرمین پی ٹی آئی کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست جمع کرائی، تاہم جج نے صرف 4 روز کا جسمانی ریمانڈ دیا۔