اسٹاک ایکسچینج نہیں، حکومت کی معاشی پالیسی اور اقدامات کریش ہوئے ہیں، شہباز شریف

مسلم لیگ ن کے صدر  اور قائد حزب اختلاف شہباز  شریف کا کہنا ہےکہ اسٹاک ایکسچینج نہیں، حکومت کی معاشی پالیسی اور  اقدامات کریش ہوئے ہیں۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس کے 2 ہزار سے زائد پوائنٹس گرنے پر اپنے ردعمل میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسٹاک ایکسچینج میں 2000 پوائنٹس کا گرنا معاشی پالیسیوں پر عدم اعتمادکا ثبوت ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوبنےکے ذمہ دار عمران نیازی ہیں، حکومت کو خبردار کیا تھا کہ تجارتی خسارہ اور  شرح سود میں اضافہ معیشت کی جان لےگا، غیر ملکی قرض کا تاریخی بوجھ اور روپےکی قدر میں مسلسل کمی کا نتیجہ یہ ہی نکلنا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس تباہی کو اب رکنا چاہیے، یہ قومی سلامتی کا سوال ہے۔خیال رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج سرمایہ کاری کا منفی رجحان رہا، 100 انڈیکس آج 2 ہزار 134 پوائنٹس کم ہو کر 43 ہزار 234 پر بند ہوا اور سرمایہ کاروں کے 332 ارب روپے ڈوب گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں