اسرائیل کے غزہ پر رات بھر حملے، ایک ہی خاندان کے 19 افراد بھی شہید ہونیوالوں میں شامل

مقبوضہ فلسطین اور غزہ پٹی سمیت دیگر علاقوں پر صیہونی بربریت رات بھر جاری رہی جس میں ایک ہی خاندان کے 19 افراد بھی شہید ہونے والے سینکڑوں افراد میں شامل ہیں۔

صیہونی فورسز کی جانب سے غزہ میں حماس کے 800 اہداف کو نشانہ بنا نے کا دعویٰ کیا گیا اور اسرائیلی فضائیہ کے ساتھ ساتھ اسرائیلی بحریہ کی جانب سے بھی مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر بمباری کی گئی۔

اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی جانب سے فلسطینیوں کو 12 گھنٹے میں غزہ خالی کرنے کی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی، اسرائیل نے غزہ کو بجلی، ایندھن اور دیگر اشیا کی فراہمی بند کرنے کے بعد انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی۔

اس کے علاوہ اسرائیل نے لبنان کی سرحد پر فضائی دفاعی نظام نصب کرتے ہوئے لبنان کو دھمکی دی کہ اگر لبنان کی جانب سے اسرائیل پر حملہ ہوا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز سے جاری اسرائیلی بمباری میں اب تک 400 سے زائد فلسطینی شہید اور 2300 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ پٹی پر رات بھر جاری رہنے والی اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے 19 افراد بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ غزہ کے علاقے خان یونس کی رہائشی فلسطینی ماں پر قیامت ٹوٹ پڑی، اسرائیلی جارحیت میں خاتون کے 3 بچے شہید ہو گئے اور 2 اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ ایک تاحال لاپتہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں