اراکین قومی اسمبلی کے تحفظات، اسپیکر کا چیف جسٹس اور دیگر ججز کو خط لکھنے کا اعلان

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے اراکین کے تحفظات کے حوالے سے چیف جسٹس پاکستان اور دیگر ججز کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی برجیس طاہر کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا ہم الیکشن سے ڈرنے والے نہیں ہیں، کیا آپ مناسب سمجھتے ہیں کہ ان شخصیات کو یہاں بلائیں، کمیٹی نے ماضی میں فاروق لغاری کو بلایا تھا۔

برجیس طاہر کا کہنا تھا ایوان کی طرف سے خط لکھا جائے، خدا کے لیے ایوان کی تذلیل بند کریں، ان کو کہا جائے ہم استعفیٰ دیتے ہیں آپ یہاں آکر بیٹھ جائیں، اس ایوان کی توہین ہوئی ہے، 19 اپریل کے حکم میں ایوان کے تقدس کو پامال کیا گیا، ایوان کی قرارداد کو نہ ماننے والوں کے خلاف توہین پارلیمنٹ کی کارروائی کی جائے، ججوں کو پارلیمنٹ کی طرف سے خط لکھا جائے کہ اپنی حدود میں رہیں، ججز کو کہا جائے اختیارات سے تجاوز نہ کریں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ کے ججز کو خط لکھنے کے معاملے پر ایوان میں اراکین سے رائے مانگی، اراکین نے ڈیسک بجا کر اسپیکر کو خط لکھنے کے لیے اپنے رائے دی۔

اراکین کی رائے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے چیف جسٹس پاکستان اور دیگر ججز کو خط لکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایوان کے جذبات، خیالات سے چیف جسٹس اور دیگر جج صاحبان کو خط کے ذریعے آگاہ کروں گا، کوشش کروں گا کہ چیف جسٹس اور دیگر ججز کو آج ہی خط لکھا جائے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں 3 شخصیات کو قومی اسمبلی کی استحقاق کمیٹی میں طلب کرنے کی تجویز سامنے آئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں