وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے نیوزی لینڈ کے دورہِ پاکستان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی منظوری دی تھی، نیوزی لینڈ میں اتنی فورسز نہیں ہوں گی جتنی انہیں یہاں سیکیورٹی فراہم کی گئی،
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کےدوران انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ کسی ٹیم کو فوج کی سیکیورٹی فراہم کی گئی‘۔
علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ 31 اکتوبر تک دو پاسپورٹ یا دو شناختی کارڈ رکھنے والوں کو رعایت ہوگی کہ اس دوران وہ فیصلہ کرلیں کہ کون سا پاسپورٹ یا شناختی کارڈ رکھنا ہے اور کون سا منسوخ کروانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں سمری کابینہ ارسال کردی گئی جس کی منظوری اور مقررہ تاریخ کےبعد کریک ڈاؤن شروع ہوجائے گا۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر نے بتایا صوبوں کی درخواست پر چہلم امام حسین کے موقع پر موبائل فون سروس معطل رہے گی جبکہ 19 اور 20 صفر کو فوج، رینجرز، نیم فوجی دستے بھی امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیےتعینات کیے جائیں گے۔
شیخ رشید نے بتایا کہ مردم شماری کے مطابق اسلام آباد میں 50 کے بجائے 100 وارڈز پر انتخابات ہوں گے، اس حوالے سے کابینہ سے منظوری مل چکی ہے