آڈیو لیکس کا معاملہ، تحقیقات کیلئے تحریک انصاف کی جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے استعفوں سے متعلق آڈیو لیک پرجوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

استعفوں سے متعلق زیر التوا مقدمے میں پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں اسپیکر قومی اسمبلی اور دیگر اراکین کو فریق بنایا گیا جبکہ درخواست کے ساتھ آڈیو لیکس کا ٹرانسکرپٹ بھی لگایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزرا نے اسپیکر کے ساتھ مل کر پی ٹی آئی استعفوں سے متلعق فوج داری سازش کی۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ پی ٹی آئی استعفوں سے متعلق آڈیو لیک کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن تشکیل دیا جائے۔

درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ انکوائری کمیشن وزیراعظم شہباز شریف ، رانا ثنا اللہ، اعظم نذیر تارڑ، خواجہ آصف اور اسپیکرقومی اسمبلی راجا پرویز اشرف سے تحقیقات کرے، تمام فریقین کے خلاف سازش پر فوجداری کارروائی شروع کی جائے۔

بعدازاں اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ‘تحریک انصاف نے استعفوں سے متعلق وزراء کی گفتگو کی آڈیولیکس کا اسکرپٹ سپریم کورٹ میں جمع کرواُ دیا ہے’۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ‘اب یہ لیکس سپریم کورٹ کے سامنے ہیں، ایک تو سپریم کورٹ ان لیکس کے بعد تحریک انصاف کے 11 اراکین کے استعفوں کے معاملے پر فیصلہ کرے اور اس سے زیادہ اہم یہ کہ ان لیکس کی تحقیقات کا حکم دے’۔

اپنا تبصرہ بھیجیں