آج کہہ رہا ہوں کہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھانا پڑیں گی: عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج کہہ رہا ہوں کہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھانی پڑیں گی۔ پیٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
بدھ کو قوم سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمت 100 فی صد بڑھی ہے۔ انڈیا میں پیٹرول 250 روپے فی لیٹر ہے۔ بنگلہ دیش میں 200 روپے لیٹر جبکہ پاکستان میں 138 روپے لیٹر ہے‘
’سوائے تیل پیدا کرنے والے ملکوں کے پاکستان میں تیل سب سے سستا ہے۔ ہم نے ٹیکس کم کر کے تیل کی قیمت کم رکھی ہے تاکہ عوام پر بوجھ نہ پڑے۔‘
’گذشتہ تین چار ماہ کے دوران تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان میں تیل کی قیمت 33 فیصد بڑھی ہوئی جبکہ بین الاقوامی سطح پر 100 فیصد اضافہ ہوا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مہنگائی کا واقعی مسئلہ ہے، پاکستان میں مہنگائی 9 فیصد ہے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’120 ارب روپے کا پیکج لا رہے ہیں جس سے 40 لاکھ خاندانوں کے لیے سود سے پاک قرضوں کا پروگرام شامل ہے۔ کسان کو 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرض ملے گا۔‘
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین نے پاکستان کی مشکل وقت میں مدد کی ہے ورنہ خسارے میں چلے جاتے، قرضے واپس کرنے کی رقم نہیں تھی۔‘
وزیراعظم نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا خسارہ ملا، زر مبادلہ کے ذخائر نہ ہونے کے برابر تھے، اگر ڈیفالٹ کر جاتے تو روپیہ گر جاتا اور مہنگائی آسمان پر ہوتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں