کم لاگت کے گھروں، کامیاب جوان اسکیمز کیلئے فنڈنگ روک دی گئی

حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے متعارف کرائے گئے میرا پاکستان میرا گھر اور کامیاب جوان یوتھ انٹرپرونیورشپ اسکیمز کو معطل کردیا۔

رپورٹ کے مطابق کم لاگت کی ہاؤسنگ اسکیم میرا پاکستان میرا گھر کو 2 ماہ کے لیے معطل کیا گیا ہے اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے بینکوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے ان اسکیمز کے تحت فنڈنگ روک دیں۔

سابق حکومت نے کم آمدنی والے افراد کے لیے کم لاگت کے گھروں کی میرا پاکستان میرا گھر اسکیم متعارف کرائی تھی جس کے تحت رعایتی شرح پر قرض دیے جاتے تھے۔

اسٹیٹ بینک نے کہا کہ حکومت نے ان اسکیمز کا جائزہ لینے اور اس پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے۔

چونکہ شرح سود بڑھ کر 13.75 فیصد ہوگئی ہے اس لیے کم لاگت والی ہاؤسنگ اسکیمز جاری رکھنا حکومت کے لیے ناممکن نظر آتا ہے۔

آئی ایم ایف کے دباؤ میں حکومت مالی خسارہ کم کرنے کے لیے ریونیو بڑھانا چاہتی ہے جس کی وجہ سے اس نے ہر قسم کی سبسڈی واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ’اس سلسلے میں موجودہ معاشی صورتحال میں ہونے والی پیش رفتوں کی روشنی میں حکومت پاکستان اسکیم کے پہلو پر نظرثانی کے لیے غور کررہی ہے‘۔

اس کے مطابق بینکس، ڈیولپمنٹ فنانس انسٹیٹیوشن (ڈی ایف آئیز) اور مائیکرو فنانس بینکس (ایم ایف بیز) کو کم جولائی سے 31 اگست تک میرا گھر میرا پاکستان کے تحت مزید اقساط کا اجرا ی روکنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔

تاہم ان کیسز میں کہ جہاں 30 جون 2022 تک جزوی ادائیگیاں ہوچکی ہوں مالیاتی ادارے میرا پاکستان میرا گھر اسکیم کے تحت بقیہ اقساط جاری کرسکتے ہیں۔

کامیاب جوان پروگرام معطل

اسٹیٹ بینک نے کہا ہے حکومت نے کامیاب جوان اسکیم کا جائزہ لیتے ہوئے نظرِ ثانی کرنے اور 15 روز کے لیے فنڈنگ روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس اسکیم کے تحت نوجوان پاکستانیوں کو کاروبار شروع کرنے میں معاونت کے لیے فنڈز فراہم کیے جاتے ہیں۔

اسٹیٹ بینک سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ’حکومت پاکستان موجودہ معاشی صورتحال میں ہونے والی پیش رفتوں کی روشنی میں اسکیم کے پہلو پر نظرثانی کے لیے غور کررہی ہے‘۔

چنانچہ کامیاب جوان کے تحت عملدرآمد اداروں کی حثیت سے کام کرنے والے شریک بینکوں کو یکم جولائی سے 15 جولائی 2022 تک نئی ادائیگیاں روکنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں