چینلوں کو اشتہار نہ دینے کی آڈیو: آواز میری ہے، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سوشل میڈیا میں مختلف ٹی وی چینلوں کو اشتہار نہ دینے کی آڈیو کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہماری پارٹی کی سوشل میڈیا کی تھی اور پرانی آڈیو ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران سوشل میڈیا میں مختلف چینلوں کو اشتہارات دینے سے منع کرنے کے حوالے سے زیر گردش آڈیو سے متعلق سوال پر مریم نواز نے کہا کہ ‘میں یہ نہیں کہہ رہی ہوں کہ وہ جوڑجوڑ کر بنائی گئی ہے، یا میری آواز نہیں ہے، وہ میری آواز ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘جب میں پارٹی کا میڈیا سیل چلا رہی تھی، وہ بہت پرانی آڈیو ہے لیکن میں نے جب کہہ دیا کہ میں یہ نہیں کہہ رہی کہ توڑ جوڑ کر، میری فلاں تقریر سے نکال کر بنائی گئیں تو یہ بات سامنے آگئی’۔

مریم نواز نے کہا کہ ‘میں اس پر بہت لمبی بات چیت بھی کرسکتی ہوں لیکن پھر کسی وقت کے لیے’۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا میں مریم نواز کی ایک آڈیو گردش کر رہی ہے، جس میں وہ نام لے کر مختلف چینلوں کو اشتہار نہ دینے کی ہدایت کر رہی ہیں۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے وضاحتی بیان میں کہا کہ مریم نواز کی گفتگو پارٹی اشتہارات سے متعلق تھی، یہ ایک پرانی آڈیو ہے جس پر مریم نواز نے جرات کے ساتھ سچ بولا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی اشتہار سے متعلق فیصلہ پارٹی ہی کرتی ہے، انہوں نے اس آڈیو کو مانا کیونکہ اس میں چھپانے والی کوئی بات تھی ہی نہیں ، جب کچھ غلط نہ کیا ہو تو اسی طرح کھل کر اعتراف کیا جاتا ہے۔

مریم اورنگ زیب نے کہا کہ اس آڈیو پر طوفان برپا کرنے کی ضرورت نہیں، اصل معاملے سے توجہ ہٹائی نہیں جاسکتی، اس آڈیو کا جواب دیں جس نے 22 کروڑ عوام کو مہنگائی، بے روزگاری کے جہنم میں دھکیل دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس آڈیو کا جواب دیں جس کی وجہ سے معیشت کا کباڑا ہوا اور قوم کا ووٹ چوری کرکے کٹھ پتلیاں مسلط کی گئیں، اس آڈیو کا حساب دیں جس سے عدل کے ایوان کے ماتھے پر داغ لگ گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں