پی ٹی آئی کا کے پی میں الیکشن کی تاریخ کیلئے سپریم کورٹ میں رٹ دائر کرنیکا فیصلہ

پنجاب میں 14 مئی کو الیکشن کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا میں بھی الیکشن کے انعقاد کیلئے سپریم کورٹ میں رٹ دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی کے وکیل گوہر علی نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کی  روشنی میں کل رٹ دائرکی جائےگی، عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کرنے کیلئے تحریک انصاف نے ہدایات جاری کردی ہیں،  عدالت سے درخواست کی جائے گی کہ جس طرح پنجاب کیلئے الیکشن کی تاریخ دی اسی طرح خیبرپختونخوا میں بھی تاریخ دی جائے۔

گوہرعلی نے کہا کہ آئین کے تحت 90 دن کے اندر انتخابات ضروری ہیں، عدالت عظمیٰ نے انتخابات کی تاریخ دی جس پر ہائی کورٹ نے درخواست نمٹادی تھی۔

خیال رہے کہ آج سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہےکہ کے پی میں انتخابات کیلئے گورنر کی طرف سے عدالت میں نمائندگی نہیں کی گئی، کے پی کی حد تک معاملہ زیر سماعت رہےگا، کے پی میں الیکشن کی تاریخ کیلئے متعلقہ فورم سے رجوع کیا جائے، کے پی میں انتخابات کیلئے درخواست گزار عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں