وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے اسموگ کو آفت قرار دیتے ہوئے لاہور سمیت دیگر شہروں میں سموگ میں کمی کے لیے ماحولیاتی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی نے اسموگ کو آفت قرار دے دیا۔
انہوں نے حکم دیا کہ اسموگ میں کمی کے لیے وضع کردہ پلان پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسموگ کا سبب بننے والے عوامل پر قابو پانے کے لیے کارروائی عمل میں لائی جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایات دیں کہ محکمہ تحفظ ماحول، ٹرانسپورٹ، انڈسٹریز اورانتظامیہ کے افسران فیلڈ میں خود جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسموگ میں کمی کے لیے جاری اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) پر عمل درآمد میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
چوہدری پرویز الہیٰ نے پنجاب بھر میں فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر بھی پابندی عائد کر دی، انہوں نے ہدایت دیں کہ فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والے افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ کاشتکارو ں کو فصلوں کی باقیات تلف کرنے کے لیے جدید ہارویسٹر’ہیپر سیڈ’ فراہم کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے دھواں دینے والی گاڑیوں کے خلاف بھی بلاتفریق قانونی کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت جاری کیں۔
چوہدری پرویز الہٰی نے حکم دیا کہ انسداد اسموگ اسکواڈ شہر میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو باقاعدگی سے چیک کرے، انسداد اسموگ اسکواڈ لاہور شہر کے داخلی راستوں پر بھی گاڑیوں کی چیکنگ یقینی بنائے۔