پشاور کے قریب پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا اور طیارے میں موجود دونوں پائلٹ شہید ہوگئے۔
ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ معمول کے تربیتی مشن کے دوران پشاور کے قریب گر کر تباہ ہوگیا اور دونوں پائلٹ شہادت کے رتبے پر فائز ہو گئے۔ترجمان نے بتایا کہ زمین پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
انہوں نے بتایا کہ ائیر ہیڈ کوارٹرز نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دی ہے۔
ریسکیو1122 پشاور کے ترجمان بلال احمد فیضی نے بتایا کہ ورسک روڈ گھڑی تاجک میں شاہدل بانڈہ پیپل اسٹاپ کے قریب تربیتی طیارہ گرنے کی اطلاع پر ایمبولینس اور فائر ویکل نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائی شروع کر دی۔
رپورٹس کے مطابق تربیتی طیارہ ایک گھر کی چھت پر گرا۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس اگست میں پنجاب کے ضلع اٹک کے نزدیک پاک فضائیہ کا تربیتی لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا۔
ترجمان پاک فضائیہ نے بتایا تھا کہ طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ اس دوران حادثہ پیش آیا تاہم دونوں پائلٹ جہاز سے بحفاظت اترنے میں کامیاب رہے تھے اور زمین پر بھی کسی قسم کا نقصان رپورٹ نہیں ہوا تھا۔
اس سے قبل ستمبر 2020 میں بھی اٹک کے علاقے پنڈی گھیپ میں پاک فضائیہ کا ایک طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا تھا تاہم پائلٹ بحفاظت زمین پر اترنے میں کامیاب رہا تھا۔