پاک بحریہ کی جانب سے بلوچستان کے ضلع خضدار میں زلزلہ متاثرین کے لیے پانچ ٹن خوراک ضلعی انتطامیہ کے حوالے کردی گئی۔رپورٹ کے مطابق چیف آف اسٹاف پاکستان نیوی ایڈمرل امجد خان نیازی نے اپنے جاری کردہ پیغام میں زلزلہ متاثرین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔کمانڈر پاکستان نیوی کوئٹہ اسٹیشن کیپٹن محمد ایاز کاکڑ نے ایک تقریب کے دوران پانچ ٹن خوراک خضدار کے ڈپٹی کمشنر میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی کے حوالے کی، اس دوران لیفٹیننٹ محمد صادق بگٹی اور این پی سی او محمد رمضان بھی موجود تھے۔پاک بحریہ کی طرف سے دی گئی پانچ ٹن خوراک میں ہر متاثرہ خاندان کے لیے ایک ہفتے کا راشن شامل ہے، کیپٹن ایاز کاکڑ نے نیک خواہشات کے ساتھ زلزلہ متاثرین کے لیے ییغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پانچ ٹن خوراک میں چینی، چاول، گھی، آٹا، دالیں اور دیگر ضروری چیزیں شامل ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر خضدار نے متاثرین زلزلہ کی امداد کرنے پر پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہر مشکل وقت اور ضرورت کی گھڑی میں افواج پاکستان نے بلوچستان کے عوام کا ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زلزلے نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، ضلعی انتظامیہ متاثرین کی بحالی کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ جمعہ کو بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے اورناجی میں درمیانے درجے کی شدت کے زلزلے سے کم از کم 80 مکانات منہدم ہوگئے تھے جس سے 200 سے زائد خاندان بے گھر ہو گئے۔