پاکستان بارکونسل کا پنجاب اور کے پی الیکشن کے معاملے پر فُل کورٹ بنانے کا مطالبہ

پاکستان بارکونسل نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے انتخابات کے معاملے پر فُل کورٹ بنانے کا مطالبہ کردیا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان بار کونسل نے اعلیٰ عدلیہ کے ججز میں تقسیم پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک کو انارکی سے بچانے کےلیے کیس کی سماعت فل کورٹ کو کرنی چاہیے۔

پاکستان بار کا کہنا تھاکہ عدلیہ کا وقاربرقرار رکھنے کےلیے سیاسی جماعتیں ججز کی کردارکشی سے گریز کریں، ججز کے فیصلوں پر تنقید ہونی چاہیے، ان کی ذات کو نشانہ نہیں بنایا چاہیے۔

پاکستان بار نے مطالبہ کیا کہ ازخود نوٹس کے اختیار سے متعلق رولز بنائے جائیں، عدلیہ کی ساکھ برقرار رکھنے کیلئے بینچز تشکیل کی بھی کمیٹی بنائی جائے۔

پاکستان بار کے مطابق آئین کی بالادستی، رول آف لا کے لیے اعلیٰ عدلیہ کو سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے، بدقسمتی سے انتحابات سے متعلق ازخود نوٹس سیاسی معاملے پر لیا گیا، سی سی پی او کے ٹرانسفر میں دو ججز کی درخواست پر ازخود نوٹس نہیں لینا چاہیے تھا۔

پاکستان بارنے کہا کہ از خود نوٹس لینے سے اختلافی فیصلہ سامنے آیا جس سے عدلیہ کا وقار کم ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں