وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا پیمرا ترمیمی بل واپس لینے کا اعلان

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پیمرا ترمیمی بل واپس لینے کا اعلان کر دیا۔

سینیٹر فوزیہ ارشد کی سربراہی میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا پیمرا کے پرانے سیاہ قانون کو ختم کرنا چاہتے تھے اس لیے پیمرا ترمیمی آرڈیننس لائے تھے لیکن ترمیمی بل پر صحافی برادری کے تحفظات ہیں اس لیے پیمرا ترمیمی بل واپس لینے کا اعلان کرتی ہوں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا نئی تجاویز بھی آ رہی ہیں، بہتر ہے آئندہ حکومت اس بل کو دیکھے، مختصر وقت میں بل پر فیصلہ کرنے سے بہتر ہے کہ اسے تفصیل سے دیکھا جائے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات نے پیمرا ترمیمی بل 2023 منظور کیا تھا جس کا پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن نے بھی خیر مقدم کیا تھا تاہم صحافی برادری کی جانب سے پیمرا ترمیمی بل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس بل کے حوالے سے صحافی تنظیموں سے کسی قسم کی مشاورت نہیں کی گئی۔

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے گزشتہ روز  کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر بھی صحافیوں کو یقین دہانی کروائی تھی کہ اگر پیمرا بل کی ایک شق پر بھی صحافی برادری کو تحفظات ہیں تو تحفظات دور ہونے تک اس بل کو پاس نہیں کیا جائے گا۔  

اپنا تبصرہ بھیجیں