وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس کی گاڑی پر خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور پولیس اہلکار ملک سے اس موذی مرض کے خاتمے کے لیے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی، شرپسند عناصر ملک سے پولیو کے خاتمے کی مہم کو روکنے میں ناکام رہیں گے اور پاکستانی قوم، قانون نافذ کرنے والے ادارے شرپسند عناصرکی کوششوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے واقعے سے متعلق فوری تحقیقات سمیت زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان اور قائم مقام گورنر بلوچستان نے بھی بلیلی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد سے اظہار ہمدردی کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
واضح رہے کہ کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں ہونے والے خود کش حملے میں پولیس اہلکار اور ایک بچہ جاں بحق جبکہ 23 پولیس اہلکاروں سمیت 27 افراد زخمی ہو گئے۔