وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا وطیرہ بن گیا ہے کہ وہ جعلی آڈیوز، ویڈیوز اور پوسٹیں بناتے ہیں اور اداروں پر دباؤ ڈالنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عدلیہ کو اس کا بھرپور نوٹس لینا چاہیے اور ان پر بدعنوانی کے ساتھ ساتھ شواہد میں چھیڑ چھاڑ کرنے کے مقدمات بننے چاہیے جبکہ اس کے لیے سزا بھی علیحدہ ہونی چاہیے۔
سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو کا فرانزک کروانے کے سوال پر وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت اس کا فرانزک نہیں کرا سکتی کیوں کہ اسلام آباد کے 2 جج اس کیس کو سن رہے ہیں اور مریم نواز کو چاہیے کہ ان آڈیوز کو عدالت میں پیش کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے کا دائرہ کار عدالت کے اختیار میں ہے، فی الحال ہمارا اس سے اتنا تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب 25، 25 سال حکمرانی کی جاتی ہے تو ہر شعبے میں اپنے پروردہ (خادم) کو تعینات کر دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ رانا شمیم ایک کردار ہے جو مسلم لیگ (ن) کے عہدیدار تھے، انہیں گلگت بلتستان کا چیف جج لگادیا گیا اور مرضی کا بیان حلفی لیا گیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب سے مریم نواز کا کیلیبری فونٹ جعلی قرار پایا اس کے بعد سے مسلم لیگ (ن) کا وطیرہ بن گیا ہے کہ وہ جعلی آڈیوز، ویڈیوز اور پوسٹیں بناتے ہیں اور اداروں پر دباؤ ڈالنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ اور فوج کے خلاف ایک پوری مہم چلائی گئی جس کا بنیادی مقصد عدلیہ اور فوج کو دباؤ میں لانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں صحافیوں اور اینکرز کو استعمال کیا گیا جس کا واحد مقصد فوج کو، عدلیہ کو اس دباؤ میں لانا تھا کہ نواز شریف کے مقدمات سے جان چھوٹ جائے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ آپ نے جائیدادیں بنائی جو بین الاقوامی اسکیم کے نتیجے میں سامنے آئیں جس پر آپ کو صرف رسید دینی ہے کہ وہ کس طرح خریدی گئیں لیکن آپ اس کا جواب دینے کے بجائے ادھر ادھر لگے ہوئے ہیں پر اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جلد پاکستان کی معاشی مشکلات میں کمی آجائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ شکر ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت کم ہوئی ہے، اس کے اثرات ملک میں آنے میں 2 ماہ کا عرصہ لگتا ہے، اگر قیمتوں میں کمی کا یہی رجحان جاری رہا تو اس کا خاصہ مثبت اثر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب کے شکر گزار ہیں جنہوں نے 3 ارب ڈالر دے کر پاکستان کی مدد کی جبکہ آئی ایم ایف کا معاہدہ بھی اپنے حتمی مراحل میں ہے اور اس کے پیشگی اقدامات پر پاکستان میں کام شروع کیا جاچکا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان اقدامات کی بدولت پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا، رواں ہفتے اہم اشیائے خورونوش کی قیمتیں کم ہونا شروع ہوگئی ہیں، مجموعی طور پر مہنگائی 0.67 فیصد کم ہوئی ہے اور معاشی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی۔
ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ اس ملک میں ایک ہی سیاسی جماعت ہے جس کے متعلق سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ وہ انتخابات دھاندلی سے جیتے تھے اور وہ مسلم لیگ (ن) ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے 1990 میں بینظیر بھٹو شہید کا مینڈیٹ جس طرح چرایا اس کی تو سپریم کورٹ بھی تصدیق کرچکی ہے، اس معاملے پر پی ٹی آئی زیادہ متحرک ہے جبکہ پیپلز پارٹی ان ہی لوگوں سے ہاتھ ملا کر بیٹھی ہوئی ہے۔