نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے عید الاضحٰی سے قبل شہریوں کو بجلی کا بڑا جھٹکا دے دیا اور بجلی 7 روپے 90 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
نیپرا کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ اضافہ مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے اور اضافی وصولی جولائی کے بلوں میں کی جائے گی۔اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ اس کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔
نیپرا نے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں وصول کی جانے والی اس رقم میں اضافے کی وجہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو قرار دیا۔
فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اس اضافے کے حوالے سے سماعت 27 جون کو آن لائن کی گئی تھی جس کے بعد فریقین کے دلائل سننے کے بعد قیمت میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔
نیپرا میں مختلف پاور کمپنیوں کی جانب سے 13.89 روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی گئی تھی لیکن نیپرا نے 7.9 روپے فی یونٹ اضافے کی اجازت دی۔
اس سے قبل نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کے الیکٹرک کو بجلی 9 روپے 42 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی تھی۔
اس اضافے سے کے-الیکٹرک صارفین پر 19 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
نیپرا میں کے الیکٹرک کی جانب سے مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ایک ماہ کے لیے بجلی 11 روپے 34 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی تھی، تاہم نیپرا کی جانب سے 9 روپے 42 پیسے فی یونٹ اضافے کی اجازت دی گئی۔