وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل کا کہنا ہے کہ نوازشریف علاج کے بہانے ملک سے فرارہوئے، ان کے پاسپورٹ کی تجدید نہیں کریں گے، نوازشریف واپس آکر اپنی سزا پوری کریں۔
شہباز گل نے مزید کہا کہ نوازشریف اب بے دخل ہو کر پاکستان پہنچیں گے تو سیدھا جیل جائیں گے۔چشتیاں میں ورکرز کنونشن سےخطاب میں شہباز گل نے کہا کہ عدالت نے نواز شریف کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر باہر جانےدیا، ہم چاہتے ہیں کہ نواز شریف یہاں آکر اپنی قید پوری کریں، نواز شریف کبھی زندگی میں واپس نہیں آسکتے، نواز شریف ایک ہی صورت میں واپس آئیں گے جب برطانیہ سے انہیں نکال دیا جائےگا۔
شہباز گل نے بتایا کہ عمران خان گردن کٹوا دیں گے لیکن انہیں این آر او نہیں دیں گے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر فواد چوہدری بولے کہ جو وطن واپسی کیلئے ڈیلوں کا انتظار کریں وہ سیاست میں بونے ہی رہیں گے،ن لیگ والے بوٹ پالش کا سامان لیے کھڑے ہیں، کوئی بوٹ آگے نہیں کررہا، آپ پاکستان کا تاریک دور ہیں ہواؤں کا رخ اب آپ کا نہیں۔