اسلام آباد: قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی اجازت نہ ملنے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے کراچی سے اراکین قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ ہاؤس کے مرکزی گیٹ پر دھرنا دیا۔
پی ٹی آئی کے کراچی سے ارکان اسمبلی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کا اعلان کیا تھا تاہم ترجمان قومی اسمبلی نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہیں کر سکتے کیونکہ وہ اب ممبر اسمبلی نہیں رہے۔
پی ٹی آئی اراکین عالمگیر خان، عطااللہ، سیف الرحمان پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے تاہم اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی اراکین کو پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہونے سے روک دیا، اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری پارلیمنٹ ہاؤس کے مرکزی دروازے پر تعینات ہے، اسلام آباد پولیس کے علاوہ ایف سی اور پارلیمانی سکیورٹی اسٹاف بھی مرکزی گیٹ پر تعینات ہے۔
پی ٹی آئی کے مستعفیٰ اراکین نے اندر جانے کی اجازت نہ ملنے پر پارلیمنٹ ہاؤس کے مرکزی گیٹ پر دھرنا دے دیا، دھرنا دینے والوں میں فہیم خان،آفتاب حسین صدیقی، سیف الرحمان، آفتاب جہانگیر، اسلم خان، عطااللہ خان اور جہانگیر عالم بھی شامل ہیں۔
مستعفی اراکین نے اسپیکر قومی اسمبلی، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے خلاف نعرے بھی لگائے اور کہا کہ 5 منٹ میں پارلیمنٹ میں داخلے کی اجازت نہ دی گئی تو اگلا لائحہ عمل دیں گے۔