مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سجھتے تھے کہ پاکستان آئی سی یو میں ہے مگر اب حکومت میں آنے کے بعد پتا چلا کہ پاکستان نہ صرف آئی سی یو میں ہے بلکہ وینٹی لیٹر پر اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے۔
صوابی کے ‘چھوٹا لاہور’ گراؤنڈ میں پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں صوابی والوں کو نوازشریف، شہبازشریف کا سلام پیش کرتی ہوں، میں صوابی کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں کہ آپ نے ہمیشہ (ن) لیگ کا ساتھ دیا، آپ نے ریاستی مشینری کا مقابلہ کیا اور (ن) لیگ کو فتح دلائی۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان کی جان ان جھوٹوں سے چھوٹی، اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان کو جادو، ٹونے کے اڈے کی طرح چلانے والوں سے پاکستان کی جان چھوٹی، اللہ کا شکر ہے کہ فتنہ بازوں، نا اہلوں اور قومی مجرموں سے قوم کی جان چھوٹی، شکر کہ پاکستان کے عوام پر مہنگائی کا قہر بن کر ٹوٹنے والوں سے جان چھوٹی۔
مریم نواز نے کہا کہ جس طرح سے پورے پاکستان کے عوام کی جان عمران خان سے چھوٹی ہے اسی طرح آئندہ الیکشن میں خیبرپختونخوا کے عوام کی جان بھی پی ٹی آئی سے چھٹنی چاہیے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان رونا دھونا بند کریں، اپنی حکومت کی کارکردگی بتائیں، عمران خان بتائیں کہ 4 سال انہوں نے کیا کرتوت کیے،4 سالہ حکمرانی کرنے کے بعد ان کے پاس 4 سیکنڈز کی کارکردگی نہیں ہے بتانے کے لیے۔
(ن) لیگ کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان اتنا بڑا قومی مجرم ہیں، 4 سال ہیلی کاپٹرمیں جھولے لیتا رہا، فرح خان کے ذریعے قومی دولت کو لوٹتا رہا، اس نے بیت المال، توشہ خانہ کو نہ بخشا، یہ عوام کے مسائل سے چارسال بے خبررہا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جھوٹا خط اور سازش تو ایک بہانہ تھا، اصل مقصد کارکردگی چھپانا تھا، عمران خان کو نہ نواز شریف نے نکالا نہ کسی غیر ملکی سازش نے نکالا، عمران خان کو ان کے اپنے ایم این ایز نے نکالا، ان کے اپنے اراکین اسمبلی نے ان کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کیا,جس کا دامن کارکردگی سے خالی ہوپھرجھوٹے خط کے ڈرامے کی ضرورت پڑتی ہے.
مریم نواز کا کہنا تھا کہ تف ہے ایسے حکمران پر جس کے پاس کارکردگی بتانے کے لیے نہ ہو، جس کا دامن، جس کا رپورٹ کارڈ کارکردگی سے خالی ہو، عوام کو بتانے کے لیے کوئی ایک ترقیاتی منصوبہ نہ ہو تو پھر اس کو جھوٹے خط کے ڈرامے کی ضرورت تو پڑتی ہے، پھر سازش کا ڈرامہ رچانے کی ضرورت پڑتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے لیے سب سے بڑی شرمندگی، ناکامی اور ذلالت کی بات یہ تھی کہ ان کے دوران اقتدار کے دوران ہی ان کی پارٹی کے اراکین (ن) لیگ سے شیر کا ٹکٹ مانگ رہے تھے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام عمران خان کو اپنی نااہلی کوسازش کے پردے میں چھپانے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ان کہنا تھا کہ عمران خان کو تحریک اعتماد سے نکالنا ضروری تھا، کیونکہ ان کی نا اہلی کی وجہ سے پاکستان کھائی میں گرنے جا رہا تھا، ان کی نا اہلی کی وجہ سے پاکستان اس درخت جیسا ہوچکا جس کی کوئی جڑ سلامت نہیں، یہ پاکستان کو کھوکھلا کر گیا، عمران خان کی نا اہلی کی وجہ سے پاکستان وینٹی لیٹر پر ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم سجھتے تھے کہ پاکستان آئی سی یو میں ہے مگر اب حکومت میں آنے کے بعد پتا چلا کہ پاکستان نہ صرف آئی سی یو میں ہے بلکہ وینٹی لیٹر پر اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان 4 سال عوام کے مسائل سے بے خبر رہا، 4 ہیلی کاپٹر میں گھومتا رہا، اس نے اپنے دور اقتدار میں توشہ خانے کو بھی نہیں بخشا، عمران خان ایسا مجرم ہے کہ 4 سال بنی گالا کو پالتا رہا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جتنی گڑبڑ عمران خان کرکے گیا ہے اس کو ٹھیک کرنے میں کم از کم2 سے 3 سال سے لگیں گے۔