لاہور: انسداد دہشتگردی کی عدالت نے تین مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔
سابق وزیراعظم عمران خان تین مقدمات میں ضمانت کے لیے انسداد دہشتگردی کی عدالت پہنچے۔
عمران خان کے خلاف تھانہ ریس کورس میں تین مقدمات درج ہیں جن میں پی ٹی آئی کارکن ظل شاہ کی موت، جلاؤ گھیراؤ اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمات ہیں جس میں انسداد دہشتگردی اور اعانت جرم کی دفعات ہیں۔
عمران خان کی ان مقدمات میں ہائیکورٹ نے حفاظتی ضمانت منظور کی تھی اور انہیں متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔
عمران خان عبوری ضمانت کےلیے لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت پہنچے جہاں ان کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہےکہ شامل تفتیش ہونا چاہتا ہوں لیکن پولیس کی جانب سےگرفتاری کاخدشہ ہے،عدالت تینوں مقدمات میں عبوری ضمانت منظورکرکے پولیس کوگرفتاری سے روکے۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت نے عمران خان کی تینوں مقدمات میں 4 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔