متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور حکومتی وفد کے درمیان ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل اور اسد عمر نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے پارلیمنٹ لاجز میں ملاقات کی تھی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ حکومتی ٹیم نے تحریک عدم اعتماد پر اتحادی جماعت سے حمایت مانگی۔
اب حکومتی وفد اور ایم کیو ایم کے درمیان ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے تحریک عدم اعتماد سے متعلق حکومتی وفد کو واضح جواب نہیں دیا۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ حکومتی ارکان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم عدم اعتماد کی تحریک کے حوالے سے فیصلہ چاہتے ہیں۔ اس پر ایم کیو ایم نے جواب دیا کہ تحریک عدم اعتماد سے متعلق مشاورت جاری ہے۔خیال رہے کہ آج ایم کیو ایم کے وفد نے اپوزیشن اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کی اور ایم کیو ایم وفد نے اپوزیشن سربراہان کو کل پارلیمنٹ لاجز میں ملاقات کی دعوت دی ہے۔