پشاور: گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے کہا ہےکہ صدر اور الیکشن کمیشن کوبٹھا کر الیکشن پرمشاورت کرناچاہتا تھا لیکن کامیاب نہیں ہوا۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کے پی غلام علی نے کہا کہ انتخابات پر الیکشن کمیشن کے خط پرصوبائی حکومت سے مشاورت کی، نگران صوبائی حکومت کے تحفظات سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ سب کو تاریخ کی فکر ہے، میں نے الیکشن تاریخ بھی دینی ہے اور تحفظ کو بھی یقینی بنانا ہے، آخری دم تک کوشش ہوگی کہ پرامن اور منصفانہ انتخابات کراؤں۔
گورنر کے پی کا کہنا تھا کہ صدر اور الیکشن کمیشن کوبٹھا کر الیکشن پرمشاورت کرناچاہتا تھا لیکن کامیاب نہ ہوا، اب انتخابات پر مشاورت کے لیے الیکشن کمیشن جاؤں گا۔
حاجی غلام علی نے مزید کہا کہ صدرکے خلاف آئین شکنی کی کارروائی نہیں ہونی چاہیے، ملک اس صورتحال کامتحمل نہیں ہے۔