سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا اور عیدالفطر پیر 2 مئی 2022 کو منائی جائے گی۔
سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق سرکاری میڈیا نے بتایا کہ سعودی عرب میں ہفتے کو شوال کا چاند نظر نہیں آیا اور رمضان کے 30 روزے ہوں گے اور عیدالفطر پیر 2 مئی کو ہوگی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ تمیر یا ہوطہ سدیر کی مجمعہ یونیورسٹی کے آبزرویٹری کو شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔خیال رہے کہ سعودی عرب میں رمضان المبارک 1443 ہجری کا آغاز 2 اپریل کو ہوگیا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ہوطہ سدیر میں رمضان کا چاند نظر آیا، اس کے علاوہ سعودی شہر تمیر میں بھی چاند نظر آنے کی شہادت ملی ہے۔
پاکستان میں ایک روز بعد 3 اپریل کو پہلا روزہ تھا، جس کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے کیا تھا۔