روپے کی قدر میں بہتری کے ساتھ اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز ٹریڈنگ کے آغاز کے ساتھ ہی تیزی دیکھی گئی جب کہ ماہرین اس کی وجہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ جلد معاہدہ ہونے کی توقع قرار دے رہے ہیں۔

بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس دوپہر ایک بجے تک 412 پوائنٹس یا ایک فیصد اضافے کے ساتھ 41 ہزار 749 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

انٹر مارکیٹ سیکیورٹیز کے ہیڈ آف ایکویٹی رضا جعفری نے کہا کہ انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنا لمیٹڈ کی جانب سے ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کا قرض رول اوور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ مرکزی بینک کے انتہائی کم زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو۔

انہوں نے تبصرہ کیا کہ اس قرض رول اوور کے باعث آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کی راہ ہموار ہونی چاہیے اور اس کے نتائج کے اثرات مارکیٹ میں نظر آرہے ہیں۔

عارف حبیب کارپوریشن کے ڈائریکٹر احسن محنتی نے کے ایس ای-100 انڈیکس میں اضافے کی وجہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کی توقع کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں روپے کی قدر میں 3 روپے 46 پیسے کے اضافے کو قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی اور چینی بینک کی جانب سے قرض رول اوور کے بعد ممکنہ قرض ادائیگیوں کی تنظیم نو کی توقعات کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں