جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام کو جینے دو، قوم ورلڈ بینک کی غلامی کیلئے تیار نہیں۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پشاور میں گورنر ہاؤس کے سامنے جماعت اسلامی کے دھرنے کے دوسرے دن اپنے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں موت سستی لیکن آٹا اور چینی مہنگی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں جماعت اسلامی کی کال پر پیٹرول کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافے اور بجلی کے بڑھتے ہوئے بلوں کے خلاف بیک وقت کئی مقامات پر احتجاج کیا۔
منگل کو جماعت اسلامی کے کارکنان کی جانب سے کورنگی، اورنگی ٹاؤن، شیرشاہ چوک، ملیر 15، واٹر پمپ شاہراہ پاکستان، قائد آباد اور ایم اے جناح روڈ سمیت شہر کے 19 مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہوئے۔
پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کے مظاہرے میں عوام نے شاہراہ فیصل نرسری اسٹاپ پر کچھ دیر گاڑیاں کھڑی کرکے اور ہارن بجا کر احتجاج کیا۔