واشنگٹن: امریکا کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ ایک خوشحال اور جمہوری پاکستان امریکی مفادات کے لیے اہمیت حامل ہے۔
رپورٹ کےمطابق پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال کے بارے میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے محکمہ خارجہ کے ترجمان نے پاکستان میں آئینی عمل کے لیے امریکا کی حمایت پر بھی زور دیا۔ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ ہم پاکستان میں ہونے والی پیشرفت کو بہت قریب سے دیکھ رہے ہیں، ہم پاکستان کے آئینی عمل اور قانون کی حکمرانی کا احترام اور حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون اور تعلقات کو امریکا قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ایک مضبوط، خوشحال اور جمہوری پاکستان کو امریکی مفادات کے لیے اہم سمجھتا ہے۔
پاکستان میں بعض حلقے امریکا پر ملک میں مشکلات پیدا کرنے کے لیے ایسے عناصر کی حمایت کا الزام لگاتے ہیں جو موجودہ حکومت کا تختہ الٹنا چاہتے ہیں۔
تاہم امریکا کے سرکاری اور سفارتی حلقے ایسی تمام قیاس آرائیوں کو غلط قرار دیتے ہوئے مسترد کرتے ہیں اور اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ جاری سیاسی بحران کی اندرونی وجوہات ہیں۔
گزشتہ جمعہ کی سہ پہر نیوز بریفنگ میں وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری جین ساکی نے بائیڈن انتظامیہ کی پاکستان کے ساتھ محتاط روابط کو جاری رکھنے کی خواہش ظاہر کی تھی البتہ انہوں نے ماضی کے قریبی اتحادی کے ساتھ تعلقات کو بہتر یا کم کرنے کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے پرانے تعلقات ہیں اور یہ ایک ایسا رشتہ ہے جسے ہم سفارتی ذرائع سے جاری رکھیں گے۔