کراچی: وفاقی حکومت نے پیٹرول پمپس مالکان کا فی لیٹر منافع مزید بڑھانے پر ابتدائی رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے مطالبات نہ مانے جانے کے خلاف ملک بھر میں ہڑتال کی جا رہی ہے اور کراچی سے لیکر گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر تک سوائے چند ایک پیٹرول پمپس کے تمام بند پڑے ہیں۔
ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرولیم پمپس بند ہونے کے باعث عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے جبکہ جن شہروں میں چند ایک پیٹرول پمپس کھلے ہیں وہاں لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
تاہم اب ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی حکومت نے پیٹرول پمپس مالکان کا منافع مزید بڑھانے پر ابتدائی رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت پر 85 پیسے کے بجائے 1 روپے منافع بڑھانے کی پیشکش کی گئی ہے جبکہ ڈیزل پر 60 پیسے کے بجائے 70 پیسے منافع بڑھانے کی آفر بھی کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپس مالکان کی جانب سے منافع مزید بڑھانے اور فوری واضح نوٹیفکیشن جاری کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔