لاہور ہائی کورٹ (ایل ایچ سی) نے کہا ہے کہ وہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کو دیکھے گی اور دیکھے گی کہ کیا آرٹیکل 63-اے پر سپریم کورٹ کی تشریح موجودہ حالات میں لاگو ہو سکتی ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے انتخاب کے خلاف پی ٹی آئی اور چوہدری پرویز الہٰی کی اپیلوں پر سماعت کی۔
سماعت کے آغاز پر بینج کے سربراہ جسٹس صداقت علی خان نے کہا کہ صدر پاکستان کے وکیل احمد اویس صاحب آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں، کیا آپ صدر سے متعلق آبزرویشنز کے بارے میں کچھ کہنا چاہتے ہیں جس پر وکیل احمد اویس کا کہنا تھا کہ ان ریمارکس کو کالعدم قرار دینا چاہیے، صدر ریاست کا سربراہ ہے۔
جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے ریمارکس دیے کہ جب صدر کو سنا ہی نہیں گیا تو ان کے بارے میں کیسے ریمارکس دے سکتے ہیں، جبکہ جسٹس شاہد جمیل نے کہا کہ احمد اویس صاحب، ہم آپ کو 5 منٹ دے رہے ہیں آپ عدالت کو مطمئن کریں۔
دوران سماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل علی ظفر کا کہنا تھا کہ عدالت کے سامنے 3 طرح کی درخواستیں ہیں، ایک درخواست الیکشن سے متعلق ہے، دوسری حلف برداری کے حوالے سے ہے جبکہ تیسری پٹیشن غیر قانونی اقدامات سے متعلق کیس ہے۔
دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ حمزہ شہباز کے وکیل ہمارے چند سوالات کے جواب دیں، اب تو پورے پاکستان کو پتا چل گیا ہے کہ ہم یہ سوچ کر بیٹھے ہیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا ماضی سے اطلاق ہوگا۔
جسٹس شاہد جمیل نے کہا کہ سپریم کورٹ کی تشریح موجودہ حالات میں لاگو ہوگی، اگر ہم اس نتیجے پر پہنچتے ہیں کہ فیصلے کا اطلاق ماضی سے ہوگا تو ہم فوری احکامات جاری کریں گے، مخصوص نشستوں کا نوٹی فکیشن جاری ہوتا ہے یا نہیں یہ معاملہ ہمارے سامنے نہیں، ہم الیکشن کو دیکھ رہے ہیں اور سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کو دیکھ رہے ہیں۔
بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کے وزیر اعلیٰ کے الیکشن کے خلاف درخواستوں پر سماعت کل ساڑھے 12 بجے تک ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کی سماعت کے دوران عدالت نے 16 اپریل کے حالات تناظر میں پنجاب کے وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے نئے انتخابات کرانے کا عندیہ دیا تھا۔
عدالت نے ریمارکس دیے تھے کہ دوبارہ اجلاس بلانے کی صورت میں بھی پولنگ وہی پریزائیڈنگ افسر کروائے گا جس نے 16 اپریل کو کروائی تھی، جو اس معاملے میں پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے تھے کہ 25 اراکین کو نکال کر پریذائیڈنگ افسر نے دیکھنا ہے اکثریت کس کے پاس ہے، اگر اب الیکشن ہوتا ہے تو ڈی نوٹی فائی ہونے والے افراد اس میں شمار نہیں ہوں گے، سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ منحرف اراکین کے ووٹ شمار نہیں ہوں گے، یہ عدالت سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کا حکم جاری کر سکتی ہے۔
واضح رہے کہ 16 اپریل کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز 197 ووٹ حاصل کرکے پنجاب کے 21ویں وزیراعلیٰ منتخب ہوئے تھے، ان کو منتخب ہونے کے لیے مطلوبہ 186 ووٹوں سے 11 ووٹ زیادہ ملے تھے۔
حمزہ شہباز کو وزارت اعلیٰ کے انتخاب میں ووٹ دینے والوں میں پی ٹی آئی کے 25 منحرف اراکین بھی شامل تھے۔
پی ٹی آئی نے آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، صدر مملکت کی جانب سے دائر کردہ ریفرنس کی تشریح کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ آرٹیکل 63۔اے کے تحت پارٹی پالیسی سے انحراف کرنے والے اراکین اسمبلی نہ صرف ڈی سیٹ ہوں گے بلکہ ان کا ووٹ بھی شمار نہیں ہوگا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں منحرف اراکین کے خلاف پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا جس پر فیصلہ دیتے ہوئے 20 مئی کو الیکشن کمیشن نے انہیں ڈی سیٹ کردیا تھا جس کے بعد ایوان میں حمزہ شہباز کو ملنے والے ووٹوں کی تعداد 197 سے کم ہو کر 172 رہ گئی تھی۔
الیکشن کمیشن نے وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار چوہدری پرویز الہٰی کے بجائے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حمزہ شہباز کی حمایت میں ووٹ دینے والے 25 منحرف اراکین کی صوبائی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کا نوٹی فکیشن 23 مئی کو جاری کیا تھا۔
منحرف اراکین کے ڈی سیٹ ہونے کے بعد مسلم لیگ (ق) اور پی ٹی آئی نے لاہور ہائی کورٹ میں مؤقف اپنایا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں منحرف اراکین کے ووٹ شمار نہ کرنے کے باعث حمزہ شہباز کے پاس مطلوبہ نمبرز نہیں ہیں، اس لیے ان کا انتخاب کالعدم قرار دیا جائے۔
پرویز الہٰی کی درخواست
چوہدری پرویز الہٰی، جو پی ٹی آئی اور پی ایم ایل (ق) کے وزیر اعلیٰ کے امیدوار بھی تھے، نے اپنی درخواست میں عدالت سے استدعا کی ہے کہ حمزہ شہباز نے وزیر اعلی منتخب ہونے کے لیے مطلوبہ تعداد میں ووٹ حاصل نہیں کیے، کیونکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں منحرف اراکین کے ووٹ شمار نہ کرنے کے باعث حمزہ شہباز کے پاس مطلوبہ نمبرز نہیں ہیں۔
درخواست میں بتایا گیا کہ 16 اپریل کے انتخاب میں ڈپٹی اسپیکر نے حمزہ شہباز کو بلاجواز وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں کامیاب قرار دیا۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ حمزہ شہباز کا بطور وزیر اعلیٰ حلف کالعدم قرار دیا جائے اور انہیں عہدے سے ہٹا کر وزیر اعلیٰ پنجاب کے نئے انتخاب کے لیے ہدایات جاری کی جائیں۔
پی ٹی آئی کی درخواست
لاہور ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کے رہنما سبطین خان، زینب عمیر، میاں محمد اسلم اقبال، سید عباس علی شاہ اور احسن سلیم بریار کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی۔
درخواست میں بتایا گیا تھا کہ حمزہ شہباز کے انتخاب میں پی ٹی آئی کے 25 منحرف اراکین کے ووٹ بھی شمار کیے گیے تھے جبکہ سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے انتخاب کا نتیجہ ماننے سے انکار کر دیا تھا، حمزہ شہباز نے عدالت سے رجوع کرنے کے بعد حلف اٹھایا تھا۔
درخواست کے مطابق گورنر پنجاب نے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے حوالے سے پنجاب اسمبلی کے سیکریٹری کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ان کے سامنے پیش کی جانے والی لاہور ہائی کورٹ کی ہدایات اور ’حقائق‘ نے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کی صداقت پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ پولیس نے ہمارے ووٹرز کو حق رائے دہی کے استعمال سے زبردستی روکا، قانون کے مطابق اسمبلی سیشن کے دوران ایوان میں کسی غیر متعلقہ شخص کے آنے پر پابندی ہے تو پولیس ایوان میں کیسے داخل ہوئی۔
ہائی کورٹ میں دائر کردہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ سیکریٹری پنجاب اسمبلی نے نجی لوگوں کا داخلہ روکا مگر ڈپٹی سیکریٹری نے 300 لوگوں کو بلایا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ حمزہ شہباز کا انتخاب غیر قانونی ہے، اس سے کالعدم قرار دیا جائے اور حمزہ شہباز کی بطور وزیر اعلیٰ پنجاب کامیابی کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔
عدالت سے یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ کا عہدہ خالی قرار دیا جائے اور حمزہ شہباز کو کام کرنے اور خود کو چیف ایگزیکٹو ظاہر کرنے سے روکا جائے۔