ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کو آج صبح ساڑھے 8 بجے ذاتی حیثیت میں عدالت طلب کر لیا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پیش نہ ہونے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اسلام آباد کی دو مختلف عدالتوں میں آج عمران خان کے خلاف کیسز سماعت کے لیے مقرر ہیں، الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ کیس کی جلد سماعت مقرر کرنے کی درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں دلائل طلب کرلیے گئے۔
توشہ خانہ کیس کی آئندہ سماعت 29 اپریل مقرر ہے لیکن الیکشن کمیشن نے عدالتی کارروائی تاخیر کا شکار ہونے کے باعث سماعت جلد مقرر کرنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
دوسری طرف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف غیرقانونی نکاح کے الزام پر کیس کی سماعت بھی آج ہوگی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نصر مِن اللہ بلوچ کی عدالت میں درخواست گزار محمد حنیف اپنے وکیل رضوان عباسی کے ہمراہ پیش ہوں گے۔
اسلام آباد کے شہری محمد حنیف نے اپنی درخواست کے ساتھ عمران خان کے نکاح خواں مفتی محمد سعید خان کا بیان عدالت میں جمع کراتے ہوئے استدعا کی ہےکہ عدت کے دوران نکاح کرنے پر چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف سیکشن 496 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے۔