اسلام آباد کی ضلعی عدالت میں سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کا آج سے آغاز ہوگیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے گزشتہ ماہ عمران خان کو توشہ خانہ ریفرنس میں نااہل قرار دے دیا گیا تھا، گزشتہ روز ضلعی عدالت نے عمران خان کو توشہ خانہ ریفرنس میں فوجداری کارروائی کے لیے طلب کیا تھا تاہم وہ آج عدالت میں پیش نہ ہوئے۔
آج ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی زیرصدارت سماعت کے آغاز میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر وقاص احمد ملک سے عدالت میں حلف لیا گیا جوکہ عدالت کے سامنے لکھوایا گیا۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے کہا کہ انہیں کیس کی پیروی کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن خودمختار ادارہ ہے جو آئین پاکستان کے تحت کام کرتا ہے اور اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ بدعنوانی کو روکا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ و قومی اسمبلی اراکین الیکشن کمیشن میں اپنے گوشوارے سالانہ جمع کرواتے ہیں، عمران خان نے 2018 سے 2021 تک اپنے گوشوارے الیکشن کمیشن میں جمع کروائے۔
ضلعی الیکشن کمشنر کا بیان قلمبند کرنے کے بعد جج ظفر اقبال نے کیس کی مزید سماعت 8 دسمبر تک ملتوی کردی۔