الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف دائر کردہ توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں نااہل قرار دے دیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے متفقہ فیصلہ سنایا تاہم فیصلہ سناتے وقت 4 ارکان موجود تھے کیونکہ رکنن پنجاب بابر حسن بھراونہ طبعیت خرابی کے باعث آج کمیشن کا حصہ نہیں تھے۔
الیکشن کمیشن نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کرپٹ پریکٹسز میں ملوث رہے، ان کے خلاف فوجداری کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔
فیصلہ سناتے ہوئے کہا گیا کہ عمران خان کو جھوٹا بیان جمع کرانے پر آرٹیکل 63 ون 3 کے تحت موجودہ اسمبلی کی مدت تک کسی بھی قانون کے تحت مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) یا صوبائی اسمبلی کا رکن منتخب ہونے کے لیے نااہل قرار دیا گیا ہے۔