بھارت جیسا غیر ذمے دار ملک ایٹمی صلاحیت رکھنے کا اہل نہیں، معید یوسف

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا ہے کہ کہ بھارت جیسا غیر ذمے دار ملک ایٹمی صلاحیت رکھنے کا اہل نہیں۔

معید یوسف کا بھارتی میزائل پاکستان میں گرنے کے واقعے پر ردِعمل میں کہنا ہے کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے ، ہمیں پُرامن رہنے دیا جائے ، بھارت کو میزائل چلنے کے تین دن بعد وضاحت دینے کا خیال آیا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے غیر ذمے دارانہ اقدامات خطے سمیت دنیا بھر کیلئے خطرہ ہیں ، پاکستان نے کئی بار بھارت کے ناقص دفاعی نظام کی طرف دنیا کی توجہ دلائی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ شب پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے ہنگامی پریس کانفرنس کی تھی اور بتایا تھاکہ 9 مارچ کو 6 بج کر 33 منٹ پر بھارتی حدود سے ایک ‘شے’ نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ یہ ایک سوپر سونک پروجیکٹ تھا جو ممکنہ طور پر میزائل تھا اور غیر مسلح تھا، یہ آبجیکٹ بھارت میں سو کلو میٹر اندر تھا، تبھی ہم نے اسے نوٹس کرلیا۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ پاکستانی فضائی حدود میں وہ چیز 3 منٹ اور چندسیکنڈ تک رہی اور 260 کلومیٹر اندر تک سفر کیا، اس کے خلاف ضروری کارروائی بروقت کرلی گئی، پاک فضائیہ نے اس کی مکمل نگرانی کی اورپتا چلایا کہ وہ بھارتی علاقے سرسا سے آئی تھی۔

اب اس معاملے پر بھارت کا بیان بھی سامنے آگیا ہے جس کا کہنا ہے کہ معمول کی دیکھ بھال کے دوران، ایک تکنیکی خرابی کی وجہ سے بدھ کو میزائل حادثاتی طور پر فائر ہوا جو پاکستان کے ایک علاقے میں گرا۔

بھارتی وزارت دفاع نے میزائل داغنے کو فوج کی ’غلطی ‘ تسلیم کرتے ہوئے واقعے کو ’انتہائی افسوسناک‘ قرار دیا اور کہا کہ واقعے میں کسی انسانی جان کے نقصان کا نہ ہونا باعث اطمینان ہے۔

بھارتی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ حکومت نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کی انکوائری کا حکم بھی دیاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں