بھارت، مسلمانوں کو برا سمجھنا فیشن بن چکا، اسلام سے نفرت انتہا کو پہنچ چکی، نصیر الدین شاہ

ممبئی: بالی ووڈ کے ممتاز اداکار نصیر الدین شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت مذہب کارڈ کے استعمال کے پروپگنڈے میں کامیاب ہو گئی ہے، مسلمانوں کو برا اورغلط سمجھنا فیشن بن چکا ہے اور اسلام سے نفرت انتہا کو پہنچ چکی ہے۔

عالمی شہرت یافتہ اداکار نصیر الدین شاہ نے مؤقر بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا آج کل بھارت میں پڑھے لکھے اور سیکیولر افراد کی جانب سے مسلمانوں سے نفرت کرنا اور انہیں غلط سمجھنا حیران کن ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مسلمانوں سے نفرت باقاعدہ فیشن بن چکا ہے۔

واضح رہے کہ نصیر الدین شاہ ماضی میں بھی متعدد مرتبہ بھارتی مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے حکومتی رویے پر سخت تنقید کرتے آئے ہیں جس کی وجہ سے انہیں بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے شدید ردعمل کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ بھارت کی حکمران جماعت (بی جے پی) باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت مذہب کارڈ استعمال کرتے ہوئے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلا رہی ہے، ابھی تک حکومت کی سازش کامیاب دکھائی دیتی ہے البتہ یہ دیکھنا باقی ہے کہ سازش کب تک اور کہاں تک کامیاب ہوتی ہے۔

نصیر الدین شاہ تمام تر گھمبیر صورتحال کے باوجود پر امید ہیں کہ مستقبل میں بھارت اپنا پرانا سیکیولر تشخص بحال کرنے کی کوشش ضرور کرے گا۔

سیاسی، سماجی اور معاشرتی صورتحا پر گہری نگاہ رکھنے والے نصیر الدین شاہ نے کہا بھارت کے الیکشن کمیشن کا ملک کے سیکیولر ازم والے تشخص میں مرکزی کردار ہے اور وہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے لیکن اس وقت وہ بھی وزیراعظم سمیت بی جے پی کے دیگر اراکین کو کچھ نہیں کہہ رہا ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی بابت پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں بالی ووڈ اداکار نصیرالدین شاہ نے کہا وہ بدستور شکست سے دوچار ہیں حالانکہ تسلسل کے ساتھ مذہب کو سیاست اور سماج میں استعمال کر رہے ہیں، ان کی پروپگنڈہ مشینری بھی پورے طریقے سے متحرک ہے جس کا نتیجہ ہے کہ بھارت ممیں اسلام سے نفرت اور دشمنی اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔

اس ضمن میں نصیر الدین شاہ نے استفسار کیا کہ جس طرح نریندر مودی اور دیگر ہندو سیاستدان مذہب کا استعمال کر رہے ہیں، بالکل اسی طرح اگر کوئی مسلمان سیاست دان اللہ اکبر کا نعرہ بلند کرے تو کیا ہو گا؟

بھارت کے لیجنڈری اداکار نصیر الدین شاہ نے کہا کہ افسوسناک امر ہے کہ بھارت میں پڑھے لکھے اور سیکیولر ذہنیت کے مالک لوگ بھی حکومتی پروپگنڈے کا شکار ہو کر مسلمانوں سے بطور فیشن نفرت کرتے ہیں اور ان کو اسی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں