انسداد دہشتگردی عدالت نے رانا ثنااللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے

گوجرانوالا کی انسداد دہشت گردی عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری اے ٹی سی کے جج رانا زاہد اقبال خان نے جاری کیے۔

عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہےکہ رانا ثنا اللہ کو گرفتار کرکے 28 مارچ کو پیش کیا جائے۔

خیال رہےکہ 24  فروی کو  انسداد دہشت گردی کی عدالت نےگجرات کے تھانہ انڈسٹریل میں درج ایک مقدمے میں وفاقی وزیر داخلہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھےا ور  پولیس کو انہیں 7 مارچ کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

آج راناثنااللہ کی طرف سے ان کے وکیل ایڈووکیٹ  عبدالماجد عدالت میں پیش ہوئے اور  رانا ثنا اللہ کی آج عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی اور موقف اختیار کیا کہ سرکاری مصروفیات کے باعث رانا ثنا اللہ آج عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے، وہ اگلی سماعت پر عدالت میں پیش ہو جائیں گے۔

عدالت نے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

واضح رہے کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف 5 اگست 2022 کو (ق) لیگ کے مقامی رہنما شاہ کاز اسلم کی مدعیت میں انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیاگیا تھا جس میں ان پر چیف سیکرٹری اور ان کے اہلخانہ کوجان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں