وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں 80 فیصد حلقوں کا فیصلہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹوں سے ہوگا اور اپوزیشن آئندہ الیکشن میں بھی شکست کے بعد دھاندلی کا شور مچائے گی۔
راولپنڈی میں کالج کے اپ گریڈیشن منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 40 اور پورے ملک سے 80 حلقوں کا نتیجہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹوں سے ہوگا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مدینہ کی ریاست کے وژن کے تحت وفاقی کابینہ نے اہم فیصلہ کیا ہے کہ تمام تبلیغی جماعتوں کو آن لائن ویزے دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ اورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوادیا کیونکہ اوورسیز پاکستانی وہاں دن رات محنت کر کے پاکستان میں اپنے بچوں اور رشتہ داروں کو پیسے بھیج رہے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ریاست مدینہ کے قیام پر زور دیتے ہیں لیکن مسیح برادری کو توقع رکھنی چاہیے کہ ریاست مدینہ میں دیگر مذاہب کا احترام لازمی جزو ہے اور ہم امن کی تعلیمات کو فروغ دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستان میں آج تک کسی مسیح کو مانگتے ہوئے نہیں دیکھا اور مسیح برادری سے تعلق رکھنے والا نوجوان مختلف شبعوں سے تعلق رکھتا ہے لیکن وہ کسی دہشت گردی میں ملوث نہیں پایا جاتا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ لال حویلی کے دروازے ہر وقت مسیح برادری کے لوگوں کے لیے کھلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میسح برادری اپنی مذہبی عبادگاہوں میں مکمل آزادی کے ساتھ عبادات کرسکتے ہیں، ملک کے کسی کونے میں انہیں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں انتہاپسند موجود ہیں لیکن خوش آئند بات ہے کہ مسیح برادری انتہا پسندی کی حوصلہ شکنی کرتی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ مسیح محنت کش لوگ ہیں اور میرے دل کے قریب ہے، ان کے تمام مسائل کے حل کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں سمندر پار پاکستانی پی ٹی آئی کی ریڑھ کی ہڈی ہوں گے اور بہت سپورٹ ملے گی کیوں کہ عمران خان کو سمندر پار پاکستانیوں کی بڑی حمایت حاصل ہے، ان ایک کروڑ ووٹرز میں عمران خان اور پی ٹی آئی جیسی مقبولیت کسی کے پاس نہیں ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہمارے ہاں تعلیمی میدان میں ایک بڑی تبدیلی یہ دیکھنے میں آرہی ہے کہ لڑکیاں آگے نکل رہی ہیں، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ راولپنڈی میں موجود جتنی بھی غریبوں کی بستیاں ہیں وہاں بچیوں کے سرکاری اسکولوں اور کالجوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جس شہر کی بیٹی پڑھی لکھی ہوگی اسے دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی، راولپنڈی میں اب تک 60کالج بنائے، آئی ٹی یونیورسٹی کے بعد تین یونیورسٹیاں مکمل ہوجائیں گی، آبادی زیادہ ہونے کی وجہ سےخواتین کالجوں میں دوشفٹوں میں تعلیم دی جائے گی۔