امریکی طالبعلم کو 125 سے زائد کالجز کی طرف سے 90 لاکھ ڈالر سے زائد کی اسکالرشپ کی پیشکش

امریکی ریاست لوزیانا کے 16 سالہ طالبعلم ڈینس بارنیس نے125 کالجز سے 90 لاکھ ڈالرز سے زائد مالیت کی اسکالرشپس کی پیشکش حاصل کر لی۔

نیو اورلینس کے انٹرنیشنل ہائی اسکول میں فائنل ایئر کے طالبعلم ڈینس بارنیس نے گزشتہ برس  200 سے زائد کالجز میں اسکالرشپس کیلئے درخواستیں ارسال کی تھیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق طالبعلم کی 200 میں سے 125 درخواستیں قبول ہو گئی ہیں ممکن ہے کہ  طالبعلم کی جانب سے داخلہ لینے کا فیصلہ کرنے تک اس تعداد میں ممکنہ اضافے سے نیا ورلڈ ریکارڈ قائم ہو سکتا ہے۔

اس سے قبل 2019 میں لوزیانا ہی کی تاریخی بلیک زیویئر یونیورسٹی کی طالبعلم نارمینڈی کارمیئر نے 140 اسکولوں سے 94 لاکھ ڈالرز مالیت کی اسکالرشپس کی پیشکشیں حاصل کی تھی۔

مقامی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے 16 سالہ طالبعلم ڈینس برنیس کا کہنا تھا کہ بہت زیادہ اسکالرشپس کیلئے اپلائی کرنا بہت آسان نہیں تھا جیسا لوگ سمجھتے ہیں، میں نے یہ کام اسکول کے تعلیمی سال کے ساتھ ہی شروع کردیا تھا اور طویل عرصے تک  درخواستیں بھیجتا رہا تھا، اب میرا ہدف 1 کروڑ ڈالرز تک پہنچنا ہے۔

اسکول کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق ڈینس برنیس کمپیوٹر سائنس اور کرمنل جسٹس میں دوہری ڈگری حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور وہ کونسے کالج میں داخلہ لینا چاہتے ہیں اس کا اعلان اگلے ماہ تک ہوجائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں