امریکی نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے اندر حملے کرنے والے دہشت گردوں نے افغانستان میں رہ جانے والا امریکی اسلحہ حاصل کرلیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے نے صورت حال پر اپنی تازہ رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ جو دہشت گرد پاکستان کے اندر حملے کرتے ہیں ان کو افغانستان میں میں رہ جانے والا امریکی اسلحہ مل گیا ہے۔
ریڈیو فری یورپ، ریڈیو لبرٹی کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق مبصرین کا کہنا تھا کہ امریکی اسلحے کے حصول سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچ علیحدگی گروپس کی عسکری صلاحیتوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسلحے کی آمد سے گزشتہ دو برس کے دوران پاکستان میں کشیدگی میں اضافہ ہوچکا ہے۔
یاد رہے کہ جب اگست 2021 میں امریکا نے افغانستان سے انخلا کیا تھا تو اس نے آتشیں اسلحہ، کمیونیکیشن گیئر اور آرمرڈ گاڑیوں سمیت تقریباً 7 ارب ڈالر مالیت کے فوجی آلات اور اسلحہ چھوڑ دیا تھا۔
امریکی انخلا کے دوران افغان طالبان نے اسلحہ اپنے قبضے میں لیا تھا۔
ریڈیو نے رپورٹ کیا کہ جب سے افغانستان پر طالبان نے قبضہ کیا ہے چند امریکی فوج آلات اور ہتھیار پاکستان میں منتقل کر دیے گئے جہاں اسے مسلح گروپس حکومت پاکستان کے خلاف لڑنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
سویڈن میں موجود تحقیق کار عبدالسید، جنہوں نے کالعدم ٹی ٹی پی سے رابطہ کیا تھا، نے کہا کہ کالعدم گروپس کی خطرناک جنگی ہتھیاروں تک رسائی کے ’بدترین‘ اثرات پڑ چکے ہیں، خاص طور پر پاکستان میں ناقص اسلحے کی حامل پولیس پر اثرات پڑے ہیں۔