اسلام آباد ہائیکورٹ: شاندانہ گلزار کے مبینہ اغوا کیخلاف درخواست پر جواب طلب

اسلام آباد ہائیکورٹ نے  پی ٹی آئی کی سابق رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار کے مبینہ اغوا کے خلاف فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق پی ٹی آئی ایم این اے شاندانہ گلزارکے مبینہ اغوا کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی جو ان کی والدہ صباحت گلزار خان نے پولیس کے خلاف دائر کی جس میں آئی جی اسلام آباد، ڈی ایس پی بنی گالہ اور ایس ایچ او بنی گالہ کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پولیس کی وردی پہنے افراد نےگھر سے بندوق کی نوک پر میری بیٹی کو اغوا کیا، ایس ایچ او بنی گالہ کو شکایت درج کرائی لیکن تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس بابر ستار نے درخواست پر مختصر سماعت کرکے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور سماعت 15 اگست تک ملتوی کردی۔

واضح رہےکہ پی ٹی آئی رہنما اور سابقہ ممبر قومی اسمبلی (ایم این اے) شاندانہ گلزار کے خلاف رواں برس یکم فروری کو اداروں کے خلاف اکسانے پر بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

شاندانہ گلزار کے خلاف نجی ٹی وی کے پروگرام میں اداروں کے خلاف اکسانے پر اسلام آباد کے ویمن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں