اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے فلسطین میں حماس اور لبنان میں حزب اللہ کے خلاف بھرپور طاقت کے ساتھ کارروائی کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس کے مزاحمت کاروں اور اسرائیلی فورسز کی جھڑپیں تیسرے روز بھی جاری ہیں، اسرائیل پر حماس کے حملوں میں ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد1100 ہوگئی۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حماس اور حزب اللہ کے خلاف بھرپور طاقت کے ساتھ کارروائی کا اعلان کیا ہے جبکہ انہوں نے اپوزیشن سے ہنگامی حالت میں قومی اتحادی حکومت کے قیام میں تعاون کی اپیل کی ہے۔
نیتن یاہو کے اعلان کے بعد پیر کو اسرائیل کی جانب سے جنوبی لنبان پر حملے میں لبنانی مسلح تنظیم حزب اللہ کے 3 فائٹر جاں بحق ہوگئے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ نے بھی اسرائیلی فوجیوں کی چیک پوسٹوں پرگائیڈڈ میزائلوں سے جوابی حملے کیے ہیں جس میں 2 اسرائیلی فوجیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے غزہ میں فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک 704 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
اس کے علاوہ اسرائیلی وزیر دفاع نے غزہ کی مکمل ناکہ بندی کا حکم دے دیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع نے حکام کو غزہ کی بجلی کاٹنے،کھانے پینے کی اشیاء اور ایندھن کی سپلائی روکنے کے بھی احکامات جاری کیے ہیں۔
اُدھر اسرائیلی وزیر توانائی نے فوری طور پر غزہ کا پانی بند کرنے اور سپلائی لائنیں کاٹنے کی بھی ہدایات جاری کردی ہیں۔
غزہ کے مکمل محاصرے پر سربراہ اقوام متحدہ انتونیوگوتریس نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انتونیوگوتریس کا کہنا ہےکہ غزہ کے مکمل محاصرے کے اسرائیلی اعلان پر بہت تشویش ہے، غزہ میں بجلی، ایندھن اور کھانا بند ہونے سے سنگین صورت حال مزید بگڑ جائےگی۔