اسرائیلی حملہ اپنے اہداف میں ناکام ہوچکا مگرحملے کے دردناک نتائج برآمد ہوں گے

ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر حسین سلامی نے کہا ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملہ اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے فضائی دفاع کی تیاری نے اسرائیلی حملے کو ناکام بنا دیا۔

کے نیوز ورلڈ نے سلامی کے حوالے سے کہا کہ اسرائیل اپنے حملوں کے ذریعے “اپنے گھناؤنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے”۔ انہوں نےکہا کہ اسرائیل”غلط فہمی اور نامرادی” کا شکار ہوا ہے۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ “اسرائیلی حملے کے نتائج دردناک اور ناقابل تصور ہوں گے”۔

ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے بین الاقوامی امور کے مشیر علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ تہران اپنے خلاف کسی بھی جارحانہ اقدام کا جواب دے گا۔

ایرانی مشیر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ “جیسا کہ تاریخ سے پتہ چلتا ہے کہ ہم نے کبھی جنگیں شروع نہیں کیں۔ ایران عراق جنگ اس پالیسی کی زندہ مثال تھی۔ ہم کسی بھی جارحانہ اقدام کا جواب اس طرح دیں گے جس سے کسی بھی جارح کو دینا چاہیے تاکہ وہ اپنےاقدام پر پشیمان ہو‘‘۔

خیال رہے کہ اسرائیل نے 26 اکتوبر کی رات ایران میں فوجی تنصیبات پر حملہ کیا تھا۔ اسرائیل نے اس حملے کو کامیاب قرارد یتے ہوئے کہا تھا کہ حملے کےمقاصد حاصل کرلیے گئے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے وضاحت کی کہ اس کے جنگی طیاروں نے ایران میں میزائلوں کی تیاری کی تنصیبات پر حملہ کیا۔ یہ تنصیبات اسرائیل کے لیے براہ راست خطرہ تھیں۔ یروشلم پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایرانی فضائی دفاعی نظام کو “اندھا” کرنے کے لیے شام میں ریڈاروں پر بھی پیشگی حملے کیے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اس حملے سے ایرانی جوہری اور تزویراتی تنصیبات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، کیونکہ فضائی دفاعی افواج جزوی طور پر حملے کو پسپا کرنے میں کامیاب رہی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں